گلشن پورہ ترال جھڑپ 

برفباری کے بیچ جاں بحق جنگجوؤں کی آخری رسومات ادا
مہلوکین کے جلوسِ جنازوں میں ہزاروں لوگوں کی شرکت ،ضلعے کے کئی قصبوں میں ہڑتال 
پلوامہ؍؍کے این این ؍؍گلشن پورہ ترال میں سال نو کی پہلی خونین معرکہ آرائی میں جاں بحق ہوئے 3مقامی جنگجوؤں کی آخری رسومات جمعہ کو برفباری کے بیچ اپنے اپنے آبائی علاقوں میں انجام دی گئیں ،جن میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی جبکہ مہلوک جنگجوؤں کو انتہائی جذباتی مناظر میں سپرد لحد کیا گیا ۔ادھر ضلع پلوامہ کے کئی قصبوں میں جمعہ کو جاں بحق جنگجوؤں کی یاد میں ماتمی ہڑتال رہی جبکہ موبائیل انٹرنیٹ خد مات منقطع رہیں ۔کشمیر نیوز نیٹ ورک کے مطابق برستی بارش اور برفباری کے بیچ گلشن پورہ ترال معرکہ آرائی میں جاں بحق ہوئے3مقامی جنگجوؤں کی آخری رسومات جمعہ کو انجام دی گئیں ،ان میں ہزاروں لوگوں نے حصہ لیا ۔عینی شاہدین نے کہاکہ چرسو اونتی پورہ میں2 مقامی جنگجو ؤں توصیف احمد ٹھوکر اور زبیر احمد بٹ کی آخری رسومات میں لوگوں کی ایک بھاری تعداد نے حصہ لیا۔عینی شاہدین کے مطابق دونوں جاں بحق جنگجوؤں کی کئی بار نماز جنازہ ادا کی گئی۔معلوم ہوا ہے کہ نعرہ بازی کے بیچ دونوں جاں بحق جنگجوؤں کو مقامی مزارِ شہداء میں سپرد لحد کیا گیا ۔اطلاعات کے مطابق اسی طرح لاری بل ترال میں بھی شکور احمد پرے نامی جاں بحق جنگجو کی آخری رسومات میں لوگوں کی ایک بھاری تعداد نے حصہ لیا۔ شکور کی بھی کئی بار نماز جنازہ ادا کی گئی جس کے دوران وہاں مسلح جنگجو نمودار ہوئے اور اْنہوں نے ہوا میں گولیوں کے کئی راؤنڈ چلاکر اپنے ساتھی کو خراج پیش کیا ۔ادھر ضلعے کے کئی قصبوں جن میں اونتی پورہ ،ترال اور اسکے مضافاتی علاقے شامل ہیں ،میں جمعہ کو جاں بحق جنگجو ؤں کی ماتمی ہڑتال رہی ۔معلوم ہوا ہے کہ ترال اور اونتی پورہ سمیت کئی دیگر علاقوں میں دکانات ،کاروباری ادارے بند رہے جبکہ سڑکوں سے پبلک ٹرانسپورٹ غائب رہا ۔اس دوران ضلعے میں امن وقانون کی صورتحال برقرار رکھنے اور ممکنہ احتجاجی مظاہروں کے خد شات کے پیش نظر تیز رفتار انٹر نیٹ خد مات دوسرے روز بھی معطل رہیں ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Social media & sharing icons powered by UltimatelySocial