اچھہ بل اننت ناگ میں جنگجوؤں اور پولیس کے درمیان شبانہ شوٹ آؤٹ 

مقامی جنگجو جاں بحق ،پولیس اہلکار زخمی
مہلوک جنگجو لشکرطیبہ سے وابستہ تھا ،2گاڑیاں ضبط:پولیس کا دعویٰ
جاں بحق جنگجو کے جلوس جنازہ میں سینکڑوں لوگ شریک،انٹرنیٹ خدمات منقطع،ریل سروس معطل
اننت ناگ:۸،ستمبر:کے این این / ریاستی پولیس نے ہفتہ کی صبح دعویٰ کیا کہ اچھہ بل اننت ناگ میں جمعہ کی شب جنگجوؤں اور پولیس کے درمیان شوٹ آؤٹ میں ایک مقامی جنگجو جاں بحق ہوا جبکہ گولیوں کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا۔پولیس کے مطابق جھڑپ کی جگہ سے مہلوک جنگجو کی نعش ،ہتھیار اور2گاڑیاں بھی ضبط کی گئیں۔ادھر ممکنہ احتجاجی مظاہروں کے خدشات اور احتیاطی اقدامات کے تحت جنوبی کشمیر کے 2اضلاع اننت ناگ اور کولگام میں موبائیل انٹر نیٹ خدمات منقطع کردی گئیں جبکہ وسطی کشمیر اور جنوبی کشمیر کے درمیان ریل سروس معطل کی گئی ۔اس دوران جاں بحق جنگجو کی نماز جنازہ آبائی گاؤں یاری پورہ کولگا م میں ادا کی گئی ،جس میں لوگوں کی ایک خاصی تعداد نے شرکت کی ۔کے این این کے مطابق جنوبی ضلع اننت ناگ کے اچھہ بل اننت ناگ میں جنگجوؤں اور پولیس کے درمیان شبانہ شوٹ آؤٹ میں ایک مقامی جنگجو جاں بحق اور ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا ۔یہ دعویٰ پولیس ترجمان ہفتہ کی صبح جاری کئے گئے ایک پریس بیان میں کیا ۔اس سلسلے میں ملی تفصیلات کے مطابق جنوبی ضلع اننت ناگ کے اچھہ بل میں جمعہ کورات دیر گئے جنگجوؤں اورپولیس کے درمیان مختصر فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں ایک جنگجو جاں بحق جبکہ پولیس کا ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔پولیس کے مطابق جنگجوؤں نے جمعہ کی رات پولیس پوسٹ اچھہ بل پر حملہ کیا۔ انہوں نے بتایا ’پولیس پوسٹ میں تعینات اہلکاروں نے جوابی فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے مابین مسلح تصادم چھڑ گیا‘۔پولیس کے مطابق طرفین کے مابین فائرنگ کا تبادلہ کچھ منٹوں تک جاری رہا جس میں ایک جنگجو ہلاک جبکہ ریاستی پولیس کا ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔ انہوں نے بتایا کہ جاں بحق جنگجو کے قبضے سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔ پولیس نے مارے گئے جنگجو کی شناخت تانترے پورہ یاری پورہ ضلع کولگام کے رہنے والے بلال احمد ولد عبدالاحد بٹ کے بطور کی ہے،وہ لشکر طیبہ سے وابستہ تھا۔پولیس ترجمان نے جو بیان شوٹ آؤٹ سے متعلق جاری کیا ،اُسکے مطابق جنگجوؤں نے جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی رات کو اچھ بل میں پولیس پکٹ پر حملہ کیا، تاہم چوکس اہلکاروں نے پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کی، جس دوران ایک جنگجو ہلاک ہوا۔بیان کے مطابق مہلوک جنگجو کی شناخت بلال احمد ولد عبدالاحد بٹ ساکنہ تانترے پورہ یاری پورہ کولگام کے بطور ہوئی ہے۔پولیس نے بتایا کہ بلال نے عسکری تنظیم لشکر طیبہ میں 3ماہ قبل شمولیت اختیار کی تھی۔ پولیس کے مطابق مہلوک جنگجو ہتھیار چھیننے کے واقعات میں بھی ملوث رہا ہے جبکہ وہ سیکورٹی فورسز اور عام شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنانے کی کارروائیوں میں بھی پیش پیش رہا۔پولیس ترجمان کے مطابق حملے میں ایک اہلکار بھی زخمی ہوا ،جس کو علاج و معالجہ کی خاطر فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا،جہاں پر اس کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔پولیس کے مطابق جھڑپ کی جگہ 2گاڑیاں بھی ضبط کی گئیں جبکہ پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی۔ادھرجنوبی ضلع اننت ناگ کے اچھہ بل علاقے میں پولیس کے مطابق شبانہ شوٹ آؤٹ میں ایک جنگجو جاں بحق ہونے کے بعد احتیاطی اقدامات کے تحت جنوبی کشمیر کے دو اضلاع اننت ناگ اور کولگام میں موبائیل انٹر نیٹ خدمات منقطع کردی گئیں جبکہ وسطی کشمیر اور جنوبی کشمیر کے درمیان ریل سروس بھی معطل کی گئی ۔حکام کے مطابق ضلع اننت ناگ اور کولگام میں موبائیل انٹر نیٹ خدمات احتیاطی طور عارضی بنیادوں پر منقطع کردی گئیں ۔ادھر وسطی کشمیر اور جنوبی کشمیر کے درمیان ریل سروس بھی معطل کی گئی ۔یہ اقدامات ممکنہ احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر اٹھائے گئے ۔ریلوے حکام کے مطابق سیکیورٹی ایڈوائزی کی بنیاد پر وسطی کشمیر اور جنوبی کشمیر کے درمیان ریل سروس ہفتہ کو معطل رکھی گئی ۔اس دوران جاں بحق جنگجو کی آخری رسومات آبائی گاؤں یاری پورہ کولگام میں انجام دی گئیں ۔جاں بحق جنگجو کے جلوس جنازہ میں سینکڑوں لوگوں نے شرکت کی جبکہ3مرتبہ اسکی نمازجنازہ ادا کی گئی،بعد ازاں اسے جذباتی مناظر اور نعرہ بازی میں آبائی گاؤں میں سپر دخا ک کیا گیا ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *