سرینگر ۔جموں شاہراہ پر فورسز ناکہ پارٹی پر فائرنگ ،سیکیورٹی الرٹ جاری

فارسٹ گارڈ سمیت2افراد زخمی ،جنگجو فرار
رائفل برآمد کرنے کا دعویٰ ،پوچھ تاچھ کیلئے ٹرک ڈرائیور اور کنڈیکٹر گرفتار ،تلاشی کارروائی جاری
سرینگر؍؍کے این این ؍؍سرینگر ۔جموں شاہراہ کے ججر کوٹلی ادھمپور کے مقام پر ایک ٹرک میں مبینہ طور سوار مسلح جنگجوؤں نے سی آر پی ایف کی ناکہ پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کی جسکے نتیجے میں فارسٹ گارڈ سمیت 2افراد زخمی ہوئے،جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا ۔حملہ انجام دینے کے بعد جنگجو فرار ہونے میں کامیاب ہوئے جنکی تلاش کیلئے فوج وفورسز اہلکاروں نے بڑے پیمانے پر تلاشی کارروائی شروع کردی اور اس مقصد کیلئے ڈرون کا بھی استعمال کیا گیاجبکہ جموں خطے میں سیکیورٹی الرٹ جاری کیا گیا ۔اس دوران پولیس نے اُس ٹرک جس میں مبینہ طور مسلح افراد سوار تھے ،سے ایک رائفل اور میگزین برآمد کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ پوچھ تاچھ کیلئے ٹرک ڈرائیور اور کنڈیکٹر کو حراست میں لیا ۔دریں اثناء فائرنگ کے باعث سرینگر ۔جموں شاہراہ پر ٹریفک کی نقل وحرکت کئی گھنٹوں تک متاثر رہی ۔کشمیر نیوز نیٹ ورک کے مطابق سرینگر۔جموں شاہراہ پر بدھ کو اْس وقت ٹریفک کی نقل وحرکت متاثر ہوئی جب ججر کوٹلی ادھمپور کے مقام پر بندوق برداروں کی فائرنگ سے ایک سی آر پی ایف اہلکار اور فارسٹ گارڈ زخمی ہوا ۔فائرنگ کے واقعہ کے بعد جموں میں سیکیورٹی الرٹ جاری کیا گیا۔رپورٹس کے مطابق سی آر پی ایف نے معمول کے مطابق سرینگر ۔جموں شاہراہ کے جھجر کوٹلی ادھمپور کے مقام پر ایک ناکہ لگا رکھا تھا ،جہاں سے گزر نے والی مشکوک گاڑیوں کی تلاشی لی جاتی تھی ۔ذرائع نے بتایا کہ معلوم کے مطابق سی آر پی ایف پارٹی کی ناکہ پارٹی چیکنگ عمل میں مصروف تھی ،جس دوران ایک ٹرک کو روکا گیا اور اسکی تلاشی لینے کی کوشش کی گئی ۔ذرائع نے بتایا کہ تلاشی کارروائی کے دوران ایک ٹرک میں 2سے لیکر3 مسلح جنگجو سوار تھے ،جن میں سے ایک نے مذکورہ نالہ پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کی ۔فائرنگ کا یہ واقعہ ججر کوٹلی ادھمپور کے مقام پر پیش آیا جسکے نتیجے میں ایک سی آر پی ایف اہلکار اور فارسٹ گارڈ زخمی ہوا ۔یہ علاقہ سرینگر ۔جموں شاہراہ پر واقع ہے ،جہاں پر معمول کے مطابق فورسز اہلکاروں نے ناکہ ڈال کر تلاشی کارروائی عمل میں لائی تھی۔معلوم ہوا ہے کہ تلاشی کارروائی کے دوران نامعلوم مسلح افراد نے صبح 8 بجکر 10 منٹ پر ناکہ پارٹی پر فائرنگ کی تھی ،جس کے نتیجے میں فورسز اہلکار زخمی ہوا تھا اور فائرنگ کے ساتھ ہی دو سے تین مسلح افراد فرار ہونے میں کامیاب ہوئے ۔ زخمیوں میں سے ایک کی شناخت دومیش داس کے بطور ہوئی ،جسے فوری طور پر علاج ومعالجہ کی خاطر اسپتال منتقل کیا گیا ۔واقعہ کے فورا بعد سیکیورٹی الرٹ جاری کیا گیا اور حملہ آؤروں کی بڑے پیمانے پر تلاشی کارروائی شروع کردی گئی جبکہ اس مقصد کیلئے فوج کی بھی خد مات حاصل کی گئی ۔اس دوران پولیس ایک ترجمان نے کہا کہ تلاشی کارروائی کے دوران اے کے 47 رائفل اور تین میگزین اْس ٹرک سے برآمد کئے گئے ،جس میں مبینہ طور پر مسلح افراد سوار تھے ۔انہوں نے کہا کہ ٹرک ڈرائیور اور کنڈیکٹر کو پوچھ تاچھ کیلئے حراست میں لیا گیا۔پولیس نے بتایا کہ دو سے تین مسلح افراد فائرنگ کرنے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوئے ۔سرینگر جموں شاہراہ کے سکھ تار نزدیک کٹرا کراسنگ کے گرد ونواح علاقوں میں تلاشی کارروائی جاری ہے جبکہ حملہ آؤروں کی تلاش کیلئے ڈرون طیاروں کا بھی استعمال کیا گیا۔ادھر پورے جموں خطے میں سیکیورٹی الرٹ جاری کیا گیا ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *